وفاقی آئینی عدالت نے گورنر راج اور ایم پی او کیس میں 5 نومبر کے حکمِ امتناع میں ترمیم کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات کی سماعت جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم سے پشاور ہائیکورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی ہے، جبکہ وکلا کی پریکٹس بھی رک گئی ہے۔

عدالت نے وضاحت کی کہ حکمِ امتناع کا اطلاق صرف گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات پر تھا، جبکہ پشاور ہائیکورٹ آرٹیکل 199 کے تحت دیگر آئینی مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے۔

اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 245 کی آسان تشریح کے مطابق تو آرٹیکل 199 کے مقدمات نہیں سنے جا سکتے، اگر آرٹیکل 245 کی سادہ تشریح پر جائیں تو پورا عدالتی نظام جام ہو جائے گا۔