امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پیر کے روز توقع ظاہر کی کہ ایران کے خلاف جنگ دو سال سے کم عرصے میں ختم ہو جائے گی، انھوں نے زور دے کر کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسے نہ ختم ہونے والی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔
فوکس نیوزکو دیے گئے انٹرویو میں وینس نے کہا کہ ٹرمپ نے ایرانی جوہری پروگرام کو تباہ کرنا ضروری سمجھا، کیونکہ وہ امریکہ کے لیے خطرہ تھا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکی انتظامیہ دس یا پندرہ سال، یا حتیٰ کہ دو سال تک جاری رہنے والی جنگ میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
نائب صدر نے مزید کہا کہ وہ اور ٹرمپ دونوں ”نہ ختم ہونے والی جنگوں” کے مخالف ہیں ،انھوںاس اعتماد کا اظہار کیا کہ امریکی صدر اس تنازع کو بہترین نتائج کے ساتھ ختم کریں گے۔
وینس نے یہ بھی کہا کہ انتظامیہ ایران میں غیر معینہ مدت تک نہیں رہے گی۔ ان کے بقول جو لوگ جنگ کو طول دینے پر زور دے رہے ہیں وہ جتنی چاہیں تنقید کر لیں، لیکن ان کی انتظامیہ نے شروع ہی سے یہ عہد کیا تھا کہ وہ ایسے کھلے تنازع میں نہیں پڑے گی جس کا کوئی اختتام نہ ہو۔
رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ کئی ماہ کے دوران ایران کے خلاف مزید حملوں کے اشارے دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہتے رہے ہیں کہ جنگ مؤثر طور پر ختم ہوچکی ہے۔
جے ڈی وینس ماضی میں بھی ایران کے ساتھ طویل جنگ نہ ہونے سے متعلق اسی نوعیت کا مؤقف اختیار کرچکے ہیں۔ مئی میں بھی انہوں نے کہا تھا کہ امریکا اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے غیر معینہ مدت کی جنگ کا راستہ اختیار نہیں کرے گا۔
ایک اور بریفنگ میں وینس نے کہا تھا کہ وہ اس صورتحال کو جنگ قرار نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کے خاتمے کے لیے کوئی مصنوعی مدت مقرر کریں گے۔ ان کا یہ مؤقف صدر ٹرمپ کے بیانات سے مختلف دکھائی دیتا ہے، جو خود اس تنازع کے لیے لفظ ’’جنگ‘‘ استعمال کرتے رہے ہیں۔


