جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 15، بنوں میں 6 اور ٹانک میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا

راولپنڈی(ای پی آئی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران  22 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد  15 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بنوں میں دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جہاں مؤثر اور مہارت سے کی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے، جبکہ ٹانک میں ایک اور جھڑپ کے دوران ایک خارجی کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وقاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیابی سے دہشتگردں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ہے۔قومی قیادت کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔