کشمور (ای پی آئی) سندھ بھر میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، سائنسی سوچ اور عملی مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے STREAM پروگرام جاری ہے، جس کے تحت ضلع کشمور کے مجموعی طور پر 88 اسکولوں کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کشمور ٹاؤن میں منعقدہ شاندار پروگرام میں مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر کشمور شاہ رخ منگنہار تھے، جبکہ مختلف اسکولوں کے سینئر اساتذہ محمد اقبال کھوسو، عبدالسميع چنہ اور دیگر نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہ رخ منگنہار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمور کے اساتذہ اور طلبہ کی محنت دیکھ کر انہیں یقین ہے کہ ہماری آنے والی نسل کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمور ٹاؤن اسکول کے طلبہ نے محدود فنڈز کے باوجود بہترین پروجیکٹس تیار کرکے اپنی صلاحیتوں اور ذہانت کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے ان اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو بچوں کی تیاری کے لیے دن رات محنت اور لگن سے کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر استاد محمد اقبال کھوسو نے بتایا کہ STREAM پروگرام کے تحت پانچ مختلف تھیمز پر پروجیکٹس تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں اساتذہ اور طلبہ مشترکہ طور پر بھرپور محنت اور دلچسپی کے ساتھ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کے تیار کردہ پروجیکٹس نہ صرف سیکھنے کے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں بلکہ انہیں عملی تجربات، تحقیق اور جدید سائنسی سوچ کو اجاگر کرنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔ پروگرام کے آئندہ مرحلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین بہترین پروجیکٹس منتخب کیے جائیں گے، جو ڈویژنل راؤنڈ میں حصہ لیں گے۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق STREAM جیسے پروگرام طلبہ میں تخلیقی سوچ، سائنسی شعور، تحقیق اور عملی تعلیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔