جنیوا میں پاکستانی مندوب اور اسرائیلی سفیر کا آمنا سامنا؛ عوامی تنقید کے بعد دفتر خارجہ کی وضاحت، پالیسی میں تبدیلی کی تردید
اسلام آباد (ای پی آئی)جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مندوب اور ’کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ‘ (CD) کے صدر طاہر اندرابی کی جانب سے اسرائیلی سفارت کار کی اسنادِ سفارت وصول کرنے کے واقعے پر عوامی اور سوشل میڈیا حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جس کے بعد دفتر خارجہ نے معاملے پر باضابطہ وضاحت جاری کرتے ہوئے اسرائیل سے متعلق پاکستان کے مؤقف میں کسی بھی تبدیلی کی تردید کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس معاملے پر بحث اس وقت شدت اختیار کر گئی جب صارفین کی جانب سے پاکستانی سفیر کے اقدام پر کڑی تنقید کی گئی۔ ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اسرائیلی سفیر سے ملاقات پر طاہر اندرابی کو فی الفور عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ نیلوفر آفریدی قاضی نے کہا کہ اگر چاہا جاتا تو نسل کشی میں ملوث ملک کے نمائندے سے ملاقات سے بچنے کا راستہ نکالا جا سکتا تھا۔ اسی طرح عبداللہ خان نے مؤقف اپنایا کہ سفارتی پروٹوکول میں کہیں نہیں لکھا کہ اسناد وصول کرتے وقت تصویر بنوائی جائے، طاہر اندرابی نے ضرورت سے بڑھ کر قدم اٹھایا جس کی انہیں قیمت چکانی چاہیے۔ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں اسے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کی کوشش قرار دیا۔
دوسری جانب سینئر صحافی و تجزیہ کار باقر سجاد نے معاملے کا پس منظر بیان کرتے ہوئے وضاحت کی کہ فلسطینی عوام سے مکمل ہمدردی کے باوجود یہ سمجھنا ضروری ہے کہ طاہر اندرابی اس وقت ’کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ‘ (CD) کے صدر ہیں اور اس حیثیت میں رکن ممالک کے نئے سفیروں کی اسناد وصول کرنا ان کی آئینی و سفارتی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سی ڈی میں نائب صدر کا کوئی عہدہ موجود نہیں جو ان کی جگہ یہ فریضہ انجام دے سکتا، جبکہ اس موقع پر دونوں سفیروں کے درمیان کوئی مصافحہ بھی نہیں ہوا۔
بڑھتے ہوئے عوامی ردعمل کے پیش نظر ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں واضح کیا کہ طاہر اندرابی نے اسرائیل کے نئے نمائندے جوناتھن پیلڈ کی اسنادِ سفارت محض کانفرنس کے صدر کی سرکاری حیثیت میں وصول کیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ خالصتاً ایک کثیرالجہتی فورم کا رسمی اور ضابطے کا عمل تھا جس میں کوئی دوطرفہ رابطہ شامل نہیں تھا، اور کروشیا، آئرلینڈ، جرمنی، ملائیشیا و بنگلہ دیش کے سفیروں نے بھی اسی طریقہ کار کے تحت اسناد پیش کیں۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس رسمی کارروائی کا پاکستان کے قومی مؤقف پر کوئی اثر نہیں پڑتا، پاکستان نہ اسرائیل کو تسلیم کرتا ہے اور نہ ہی اس پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی ہے، بلکہ اسلام آباد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے اپنے دیرینہ مؤقف پر بدستور قائم ہے۔
1979 میں قائم ہونے والی کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ 65 اراکین پر مشتمل ایک کثیرالجہتی فورم ہے جسے ہتھیاروں پر کنٹرول اور تخفیفِ اسلحہ کے بین الاقوامی معاہدوں پر مذاکرات کا کام سونپا گیا ہے۔ اس کی صدارت رکن ممالک کے درمیان باری باری تبدیل ہوتی ہے، اور صدارت کرنے والا نمائندہ نئے تعینات ہونے والے سفارت کاروں کی اسنادِ سفارت وصول کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ کروشیا، آئرلینڈ، جرمنی، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کے نمائندوں نے بھی اسی طریقہ کار کے تحت اپنی اسنادِ سفارت پیش کیں۔
انہوں نے کہا، “کانفرنس کے طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت، سی ڈی کے لیے نامزد ہونے والے نئے مستقل مندوبین اپنی اسنادِ سفارت اس کے موجودہ صدر کو پیش کرتے ہیں، چاہے اس وقت اس عہدے پر کوئی بھی فائز ہو۔”
ترجمان نے 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو، کے حق میں پاکستان کے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کیا۔
ان کی یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی جب اسلام آباد نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوبارہ آغاز کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا الزام عائد کیا۔
رواں ہفتے کے اوائل میں اسرائیلی ٹینک وسطی غزہ میں داخل ہوئے، جس پر اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ وہ اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں سے باہر حماس کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اسرائیل اور حماس دونوں کی جانب سے خلاف ورزیوں کے الزامات کے درمیان جنگ بندی کو مسلسل دباؤ کا سامنا ہے۔


