نئی دہلی میں ایس سی او کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں وفاقی وزیر مصدق ملک کی شرکت، ثقافتی روابط کی اہمیت پر زور
نئی دہلی (ای پی آئی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں خطے کے ممالک کے درمیان تہذیبی روابط، مشترکہ تاریخ اور ثقافتی مکالمے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمہ خطے کے ممالک کو قریب لانے میں مددگار ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ثقافتیں اور تہذیبیں جغرافیائی سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں۔ ان کے مطابق پاکستان، بھارت، روس، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان قدیم تہذیبی روابط موجود ہیں، جن کے شواہد آثارِ قدیمہ کی دریافتوں میں بھی ملتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک جیسی سوچ رکھنے والوں کے درمیان مکالمے کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ مکالمہ مختلف سوچ اور خیالات رکھنے والوں کو قریب لاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تہذیب اور ثقافت پر خطے کے ممالک کے درمیان مکالمے سے ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے ایس سی او کے پہلے تہذیبوں کے مکالمے کے فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ وہ بھارتی وزیر ثقافت و سیاحت کی دعوت پر فورم میں شریک ہیں، جہاں وہ تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت اور اس حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں میں کردار پر ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔ وہ ایس سی او میں پاکستان کے تعمیری کردار اور ملک کے متنوع تہذیبی و ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد فورم کے مختلف موضوعات پر ہونے والے اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ ایس سی او رکن ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔ پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کا چیئرمین ہے۔ پاکستان اگلے سال ہونے والی سربراہی کانفرنس سے قبل وزارتی سطح کے متعدد اجلاسوں، ماہرین کے گروپوں کے اجلاسوں اور دیگر سرگرمیوں کی میزبانی بھی کرے گا۔


