تہران کو بیرونِ ملک تیل فروخت کرنے اور اس کی آمدنی ہتھیانے میں مدد دینے کا الزام
(صباح نیوز): امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے تیل کے تاجروں اور حکومت سے منسلک سہولت کاروں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ تہران کو بیرونِ ملک تیل فروخت کرنے اور اس کی آمدنی ہتھیانے میں مدد دے رہے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ اقدام ’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘ کا حصہ ہے جو دو ایگزیکٹو آرڈرز کے تحت اٹھایا گیا ہے؛ جن میں سے ایک ایران کے پیٹرولیم، پیٹروکیمیکل اور ایوی ایشن کے شعبوں جبکہ دوسرا انسدادِ دہشت گردی کے اختیارات سے متعلق ہے۔ امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایران کی حکومت اپنے شہریوں کو روٹی اور ایندھن کی قلت کے باوجود اپنے مفادات کو ترجیح دیتی ہے، اور اس کا سمندری راستے سے تیل کی ترسیل کا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔ محکمہ خزانہ کا دعویٰ ہے کہ آپریشن کے آغاز اور امریکی فوجی ناکہ بندی کے بعد سے کسی جہاز پر تیل لوڈ نہیں کیا گیا۔
پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے سابق انٹیلی جنس افسر محمد جواد باوند اور ایرانی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ کے بھائی ماجد تاج شامل ہیں، جن پر حکومت کے اربوں ڈالر کے واجب الادا ہونے کے باوجود تیل فروخت کرنے کا نیٹ ورک چلانے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ پاسدارانِ انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل محسن سروتی کے بیٹے محمد حسین سروتی اور ماہان ایئر کے سی ای او حمید عرب نژاد کے بیٹے مجتبیٰ عرب نژاد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ چاروں افراد غیر قانونی طور پر تیل فروخت کر کے ایرانی فوج اور عسکریت پسندی کی مالی معاونت کرتے ہیں۔


