ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں تیار کردہ جدید بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ’بائراکتار قزل ایلما‘ ترک مسلح افواج کے فوجی بیڑے میں شامل ہوگیا ہے۔

ترک ڈرون ساز کمپنی بائکار نے جمعرات کو تصدیق کی کہ اس نے قزل ایلما کے پہلے 3 طیارے ترکیہ کی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیے ہیں۔ یہ پیشرفت طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز کے تقریباً 4 سال بعد سامنے آئی ہے۔ اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ترک فوج بائراکتار قزل ایلما کے ذریعے یکے بعد دیگرے کامیابیاں حاصل کرے گی۔ بائکار کے مطابق قزل ایلما دنیا کا پہلا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ہے جسے باقاعدہ فوجی خدمات میں شامل کیا گیا ہے۔

طیارے کی لمبائی تقریباً 14.5 میٹر، پروں کا پھیلاؤ 10 میٹر اور زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 8.5 ٹن ہے۔ اسے فضائی اور زمینی اہداف کے خلاف مختلف ہتھیار استعمال کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

بائیکار کے مطابق قزل ایلما پروگرام کے تحت اب تک آزمائشی اور تربیتی سرگرمیوں میں مجموعی طور پر 600 پروازیں مکمل کی جاچکی ہیں۔ طیارے نے پہلی کامیاب پرواز 14 دسمبر 2022 کو کی تھی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ قزل ایلما دنیا کا پہلا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ہے جسے باقاعدہ فوجی سروس میں شامل کیا گیا ہے۔ تاہم تین طیاروں کی حوالگی کے بعد ان کی عملی تعیناتی، مخصوص فوجی یونٹ اور مختلف مشنز کے لیے دستیابی سے متعلق تمام تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔