ٹرمپ نے ٹیلی فون اور سفارتی ذرائع سے شمالی کوریائی رہنما سے رابطے کی کوشش کی،وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں انکشاف

(ای پی آئی) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رابطے کی متعدد کوششوں کا کوئی جواب نہیں دیا، حتیٰ کہ امریکی حکام کے ذریعے بھیجا گیا خط بھی کھولے بغیر واپس کردیا۔*

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم جونگ اُن کی جانب سے مسلسل خاموشی دونوں رہنماؤں کے ماضی کے خوشگوار تعلقات کے برعکس ہے، جب ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کے درمیان براہِ راست ملاقاتیں اور سفارتی روابط قائم ہوئے تھے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال شمالی کوریا کے رہنما سے رابطے کے لیے ٹیلی فون اور دیگر سفارتی ذرائع استعمال کیے، تاہم کم جونگ اُن کی جانب سے کسی بھی کوشش کا جواب موصول نہیں ہوا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے سفارتی ذرائع کے ذریعے کم جونگ اُن کو ایک خط بھی ارسال کیا، لیکن شمالی کوریائی قیادت نے خط کھولنے کے بجائے واپس کردیا۔

امریکی صدر کی جانب سے مسلسل رابطوں کی کوششوں کے باوجود شمالی کوریا کی خاموشی نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کی صورتحال کو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کے درمیان ماضی میں براہِ راست ملاقاتیں ہوئی تھیں اور دونوں رہنماؤں نے تعلقات بہتر بنانے کے لیے سفارتی کوششیں بھی کی تھیں