ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے 2 سے 3 ساتھیوں سمیت فرار، گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری، اسلحہ اور دستی بم برآمد
پشاور (ای پی آئی): کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور ریجن نے تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں واقع علاقے خوڑ میرہ باچا خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے 2 سے 3 ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔*ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران سی ٹی ڈی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان تقریباً 20 سے 25 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے ساتھیوں سمیت علاقے میں موجود تھا اور دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے 2 سے 3 ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، 2 پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گ


