بی این پی کے ایک جلوس پر حملے میں دو مقامی رہنما شاہین شیخ اور سہیل شیخ ہلاک ہوگئے تھے

(ای پی آئی) بنگلہ دیش کے ضلع ناریل میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو کارکنوں کے قتل کے بعد عوامی لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے تقریباً 30 مکانات کو آگ لگا دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعات ضلع ناریل کے علاقے کالیہ کے گاؤں بیندار چار میں پیش آئے، جہاں جمعے کی دوپہر سے رات گئے تک توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور آتش زنی کا سلسلہ جاری رہا۔

یاد رہے کہ 18 نومبر کو بی این پی کے ایک جلوس پر حملے میں دو مقامی رہنما شاہین شیخ اور سہیل شیخ ہلاک ہوگئے تھے۔ بی این پی رہنماؤں نے اس حملے کا الزام عوامی لیگ کے کارکنوں پر عائد کیا تھا۔

واقعے کے بعد مقتولین کے رشتہ داروں اور حامیوں نے مبینہ طور پر عوامی لیگ سے وابستہ افراد کی املاک کو نشانہ بنایا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی۔