اسلام آباد(ای پی آئی)حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا۔حکومت کی جانب سے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا۔
حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ان کی قیمتوں کا اطلاق اتواردن گیارہ بجے سے کیا جائے گا۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان وزیر خزانہ اسحق ڈار کی جانب سے کیا گیا۔نشر کیے گئے اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 50روپے اضافے کے حوالے سے قیاس آرائیاں عروج پر تھیں، ہمیں مارکیٹ میں مصنوعی قلت کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پاکستانی روپے کی قدر میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی، حکومت نے گزشتہ 4 مہینوں میں یعنی اکتوبر سے 29 جنوری تک پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیابلکہ قیمتیں کم کی گئیں، اس دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں انیس، بیس روپے کی کمی کی گئی جب کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 29 اور 30 روپے کی کمی کی گئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور اسٹیٹ بینک کے اقدامات کے باعث روپے کی قدر میں ہونے والی کمی کے باوجود وزیر اعظم کی ہدایت پر اوگرا کے ساتھ مشاورت کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم اضافے کا فیصلہ کیا گیااسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیموں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔وفاقی وزیرِ خزانہ کا یہ بھی کہناتھا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، مصنوعی قلت کی جا رہی ہے۔


