چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے پر اتفاق، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے
اسلام آباد (ای پی آئی) پاکستان اور چین نے توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے اور ایل پی جی پلانٹ، پیٹرول کی درآمد، اسٹوریج اور دیگر اہم توانائی منصوبوں پر فوری عمل درآمد پر اتفاق کیا ہے۔*
اس حوالے سے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ توانائی تعاون، چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ ٹیم مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے اور سرمایہ کاری کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرے گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان توانائی تعاون کو عملی منصوبوں اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان ایل پی جی پلانٹ، اسٹوریج اور ٹرمینل سہولیات کے منصوبے کو فوری آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ان منصوبوں سے ملک میں ایل پی جی کی مقامی سپلائی میں اضافہ اور قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
دونوں جانب سے پیٹرول کی درآمد، اسٹوریج اور لاجسٹکس کے انتظامات میں تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں چینی کمپنیوں کی پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے پیٹرولیم اسٹوریج، ٹرمینلز اور ڈاؤن اسٹریم توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ایپیک 2026 میں صدر شی جن پنگ کی ترجیحات پاکستان اور چین کی توانائی شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاس ہیں۔
ملاقات کے دوران علی پرویز ملک نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو چین کے تاریخی شینژو 24 خلائی مشن میں شرکت پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ محمد ذیشان کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


