آگ نے 27 گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا، 39 ایمبولینسیں امدادی کارروائیوں میں مصروف، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ افسوس

(ای پی آئی) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں آئل ٹینکر حادثے کے بعد لگنے والی شدید آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 31 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔ آگ کی شدت کے باعث متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔

مصر کے نواحی علاقے گیزہ کے ضلع الوراق میں رنگ روڈ پر پیش آنے والے اس حادثے میں ایندھن سے بھرا ٹینکر الٹنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی سے کم از کم 27 گاڑیاں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل تھیں، تباہ ہوگئیں۔ بعض گاڑیوں میں سوار افراد کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔

مصری وزارتِ صحت کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر بھیجی گئیں جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ناقابل شناخت لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مصری صدر عبدالفتاح السیسی، سوگوار خاندانوں اور مصری عوام سے تعزیت کی ہے۔