26 سے 28 نومبر تک خصوصی ٹریفک انتظامات، فیض آباد بس ٹرمینل بند اور بعض میٹرو بس سروسز معطل رہیں گی
اسلام آباد (ای پی آئی) غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں 26، 27 اور 28 نومبر 2026 کو خصوصی ٹریفک انتظامات کیے جائیں گے۔ اس دوران ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی، جبکہ فیض آباد بس ٹرمینل اور میٹرو بس سروس کے بعض روٹس بھی عارضی طور پر بند رہیں گے۔*
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک ممنوع ہوگا۔ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے راستے بھی ہیوی ٹریفک کو جڑواں شہروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ فیض آباد بس ٹرمینل بھی 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک بند رہے گا۔ اس دوران مسافروں کو متبادل ٹرانسپورٹ اور سفری انتظامات پیشگی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح 7th ایونیو میٹرو اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس 26 نومبر رات 10 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک معطل رہے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان اوقات میں سفر کے لیے متبادل ذرائع استعمال کریں۔
ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریل نمبر 3 اور 5 بھی 27 نومبر کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہیں گے۔ شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں ان ٹریلز پر جانے سے گریز کریں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ 26 سے 28 نومبر کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور کسی بھی ممکنہ سفری دشواری سے بچنے کے لیے اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔
شہریوں کو ٹریفک کی صورتحال، راستوں کی بندش اور تازہ ترین سفری معلومات سے آگاہ رہنے کے لیے اسلام آباد پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز کو فالو کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔


