گرفتاری کا اعلان مولانا فضل الرحمان نے خود کیا، احتجاج جاری رہے گا، کارکنان سے خطاب
(ای پی آئی) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں سے خطاب کے دوران خود اپنی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام انہیں حراست میں لے چکے ہیں۔
گرفتاری کے اعلان کے ساتھ ہی مولانا فضل الرحمان نے ملک بھر میں جاری دھرنے نماز جمعہ تک ملتوی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جمعہ کی نماز کے بعد مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
جے یو آئی سندھ کے رہنما راشد محمود سومرو نے بھی مولانا کے اعلان کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایت پر ملک بھر میں جاری تمام دھرنے ملتوی کیے جا رہے ہیں۔
جماعت کے ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کے عزم اور استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرفتاریوں سے ان کی جدوجہد نہیں رکے گی اور کارکن قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج جاری رکھیں گے۔
https://x.com/juipakofficial/status/2126042747215753237
مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو بتایا کہ انسپکٹر جنرل پولیس اور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ان کے پاس آئے تھے اور انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس انہیں جہاں لے جانا چاہے لے جائے، کارکن پریشان نہ ہوں، جماعت پوری استقامت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا، جبکہ جمعہ کی نماز کے بعد جے یو آئی کی ذیلی تنظیمیں اپنے اپنے علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کریں گی۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کو جمعرات کے روز سرگودھا میں ایک جلسے سے خطاب کرنا تھا، تاہم انہیں وہاں جانے سے روک دیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ملک بھر میں کارکنوں کو احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی کال دی تھی۔
احتجاج کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں سڑکیں بند ہو گئیں، جبکہ متعدد مقامات پر موٹرویز کی آمدورفت بھی معطل ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں


