صدر اردوان کی منظوری کا اعلان سرکاری گزٹ میں شائع، ترک پارلیمنٹ پہلے ہی معاہدے کی توثیق کر چکی ہے
(ای پی آئی) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ترکیہ کی جانب سے معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعے کو ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے معاہدے کی منظوری کا اعلان شائع کیا گیا۔ اس سے قبل رواں ماہ ترک پارلیمنٹ بھی اس معاہدے کی توثیق کر چکی تھی۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے رواں سال اگست میں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور باہمی سلامتی کے شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے پر دستخط ایسے وقت میں ہوئے تھے جب ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی فوجی کارروائیوں کے باعث خطے میں کشیدگی اور سلامتی کے خدشات میں اضافہ ہو رہا تھا۔
رائٹرز کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے حکام جمعے اور ہفتے کو اسلام آباد میں اجلاس بھی کرنے والے ہیں، جس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ترک صدر کی منظوری کے بعد معاہدے کی توثیق کے حوالے سے ترکیہ کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے اس معاہدے کو خطے میں مشترکہ سلامتی اور باہمی دفاعی اشتراک کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


