اسلام آباد(ای پی آئی) جرمنی اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطوں میں اضافے کی راہ ہموار ہونے لگی ہے، جرمن ایئرلائن نے پاکستان کے دو بڑے شہروں کے لیے پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے، جبکہ فضائی آپریشنز کے لیے ایک اہم ریگولیٹری مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق پاکستان میں پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے جرمن کمپنی کی نامزدگی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد باقاعدہ فضائی آپریشنز شروع کرنے کے لیے دیگر ضروری آپریشنل منظوریوں کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

نئی غیر ملکی ایئرلائن کی پاکستان آمد سے مقامی فضائی مارکیٹ میں مسابقت بڑھنے اور مسافروں کو سفری سہولیات کے مزید مواقع ملنے کی توقع ہے۔ اس اقدام سے پاکستان اور جرمنی کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں میں بہتری کے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔

ایوی ایشن سیکٹر میں اس پیش رفت کو سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ جرمن کمپنی کے آپریشنز شروع ہونے سے طیاروں کی لیزنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ اور مقامی سطح پر ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ نئی ایئرلائن کی آمد پاکستان میں سیاحت کے فروغ، تجارتی روابط میں اضافے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

تاہم پروازوں کے آغاز کی حتمی تاریخ، شیڈول اور دیگر آپریشنل تفصیلات کا اعلان متعلقہ منظوریوں کے مراحل مکمل ہونے کے بعد متوقع ہے۔