اسلام آباد (ای پی آئی )الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

تفصیل کے مطابق فواد چوہدری کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کے سامنے پیش کیا گیا سماعت کے دوران وکیل فیصل چوہدری نے عدالت سے فواد چوہدری کی ہتھکڑی کھولنے کی استدعا کی جس کے بعد عدالت کے حکم پر فواد چوہدری کی ہتھکڑی کھول دی گئی۔

پراسیکیوشن کی جانب سے فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی اور بتایا گیا کہ کل ملزم کو اسلام آباد سے لاہور لے کر گئے تھےجج نے سوال کیا کہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کی فواد چوہدری کے کیس میں کیا اہمیت ہے؟پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کا مقصد اصلی انسان کی پہچان کرنا ہوتا ہے،

فواد چوہدری کا موبائل، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیوائسز ابھی برآمد کرنی ہیں۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت سے فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈکی استدعا نہیں کی۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے صرف فواد چوہدری کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانا تھا جو ہو چکا۔عدالت نے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔فواد چوہدری کی پیشی کے موقع پر کچہری میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔