گجرات (ای پی آئی ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور رہنما مسلم لیگ (ق) پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا ہے کہ گجرات میں ان کی رہائش گا پر پولیس نے چھاپہ مارا ہے۔
قبل ازیں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ گجرات میں کنجاہڑی میں چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ کو پولیس نے گھیرے میں لے کر چھاپہ مارا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آج صبح سویرے پولیس کی درجنوں گاڑیوں نے چوہدری پرویز الہٰی کی رہائشگاہ کنجاہڑی ہاؤس کو گھیرے میں لے لیا، فیملی کا کوئی فرد گھر پر موجود نہیں تھا، گھر میں صرف ذاتی ملازمین موجود تھے جن سے پولیس پوچھ گچھ کرتی رہی۔
پولیس نے چوہدری وجاہت حسین کے بارے میں بھی پوچھا جن پر آڈیو وائرل اور کوٹلہ واقعہ کا مقدمہ درج ہے، آڈیو میں ایک خاتون ایم این اے کے اغوا کے بارے گفتگو کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی بھاری نفری اب واپس جا چکی ہے تاہم اب بھی پولیس کی گاڑیاں وہاں گشت کر رہی ہیں، پولیس کی جانب سے تاحال اس چھاپے کے حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آسکا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’بول نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ گجرات میں ہمارے ظہور الہٰی ہاؤس پر چھاپہ مارا گیا ہے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی لوگوں سے بدلے لے رہا ہے۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ اگر محسن نقوی نے یہ حرکتیں جاری رکھیں تو وہ نتائج بھگتیں گے، ان کی بےانتظامی کی وجہ سے تاجر تنظیمیں بھی ہڑتالیں کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سراسر انتقامی کارروائی ہے، ہم عدالت سے رجوع کریں گے اور عدلیہ کو بتائیں گے کہ یہ لوگ اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کررہے ہیں، ان شا اللہ عدلیہ ایکشن لے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ صبح 4 ساڑھے 4 بجے سے وہاں موجود تھے اور اب گئے ہیں، ہمارے وکلا عدالت جارہے ہیں اور اب وہیں ان سے بات ہوگی۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ اس رہائش گاہ پر ہمارے گھر کی خواتین رہائش پذیر ہیں، یہ لوگ پہلے بھی خواتین کو ہراساں کرتے رہے ہیں، اس طرح کے چھاپے اب دوبارہ شروع ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ پن کی جانب جارہا ہے، دہشتگردی پھر سر اٹھا رہی ہے اور یہ لوگ سارے کام چھوڑ کر ان کاموں میں لگے ہوئے ہیں، ان کو اپنی ترجیحات کا ہی اندازہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کو مجھ سے کوئی خاص تکلیف ہے، یہ جو کچھ کررہے ہیں اس کے نتائج بھگتیں گے۔
دریں اثنا پرویز الہیٰ کے بیٹے مونس الہٰی نے بھی چھاپے کی اطلاعات کی تصدیق کردی ہے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھاکہ ’کل رات پولیس نے ہمارے گجرات کے گھر پر ریڈ کی، نہ کوئی وارنٹ نہ کوئی کیس، پولیس کی 25 گاڑیوں کی تو سمجھ آتی ہے پر یہ ساتھ 2 کالے ویگو کیا کر رہے تھے؟ انڈین جاسوس ڈھونڈ رہے تھے ؟‘
کل رات پولیس نے ہمارے گجرات کے گھر پر ریڈ کی۔ نہ کوئی وارنٹ نہ کوئی کیس۔ پولیس کی 25 گاڑیوں کی تو سمجھ آتی ہے پر یہ ساتھ 2 کالے ویگو کیا کر رہے تھے؟ انڈین جاسوس ڈھونڈ رہے تھے ؟ pic.twitter.com/ykP5pOKBBD
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) February 1, 2023
واضح رہے کہ کنجاہڑی ہاؤس گجرات سے سرگودھا جانے والی سڑک پر کئی کنال پر محیط رہائش گاہ ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری مونس الہیٰ گجرات آمد پر اسی رہائش گاہ میں قیام کرتے ہیں، نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چوہدری مونس الہیٰ ان دنوں بیرون ملک موجود ہیں۔


