اسلام آباد(ای پی آئی)وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ لاہور کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد ملک کے 39 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے،

والدین پنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو معذوری سے بچانے کے لئے ہر پولیو مہم میں ویکسین ضرور پلوائیں۔پیر کووزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ خصوصی پولیو مہم 13 سے 17 فروری تک نو اضلاع میں مکمل طور پر چلائی جائے گی جن میں جنوبی خیبرپختونخوا کے سات اضلاع، بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، شمالی وزیرستان، بالائی جنوبی وزیرستان اور زیریں جنوبی وزیرستان، اور پنجاب کے دو اضلاع لاہور اور فیصل آباد شامل ہیں۔

ملک کے30 اضلاع میں جزوی مہم چلائی جائے گی جن میں شیخوپورہ کی منتخب یونین کونسلز، افغانستان کی سرحد سے ملحقہ 57 یونین کونسلز، افغان مہاجرین کے کیمپوں والی 58 یونین کونسلز اور ملتان کی 107 یونین کونسلز شامل ہیں جہاں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔یہ مہم جنوری میں لاہور کے دو الگ مقامات سے لیے گئے دو ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد منعقد کی جا رہی ہے۔

وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں میں اس وائرس کی موجودگی جو افغانستان یا جنوبی خیبر پختونخوا میں وائرس سے منسلک ہے اس بات کا ثبوت ہے کہ وائرس لوگوں کے ساتھ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو رہا ہے اور دیگر علاقوں میں پھیل رہا ہے۔سرحد کے کسی بھی پار پولیو وائرس دونوں ممالک کے بچوں کے لیے خطرہ ہے۔ صرف پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں ہی زندگی بھر کا تحفظ فراہم کر سکتی ہیں۔ ہمارے فرنٹ لائن ورکرز جتنی بار ضروری ہو ویکسین آپ کی دہلیز پر لاتے رہیں گے۔ والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچے یہ حفاظتی قطرے لیں اور محفوظ رہیں۔