اسلام آباد (ای پی آئی)نیب ترامیم کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت تمام نیب کیسز لارجر بینچ سنے گا، عدالت نے حکم جاری کر دیا ۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سردار مظفر، ڈپٹی پراسیکوٹر نیب، محمد رافع اور یاسر راٹھور نیب کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب ترامیم کے بعد کیسز کے مستقبل سے متعلق درخواستوں پر سماعت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ نیب کی ترمیم کے بعد کے اثرات کو دیکھنا ہے۔

چیف جسٹس نے کہاکہ کون سا کیس کس عدالت میں جائے گا یا ختم ہو گا یہ فیصلہ بھی ہونا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ نیب کے اس نوعیت کے تمام کیسز کو یکجا کر کے لارجر بینچ بنا کر سن لیتے ہیں۔

عدالت عالیہ نے رجسٹرار آفس کو تمام کیس یکجا کر کے لارجر بینچ کے سامنے لگانے کی ہدایت کی ۔