اسلام آباد(ای پی آئی) سوشل میڈیاپر متحرک یوٹیوبرعادل راجہ کے خلاف برطانوی پولیس نے انکوائری کا آغاز کردیا، 6مارچ کوبرطانیہ کے پولیس اسٹیشن طلب کرلیا گیا۔

لندن کی میٹروپولیٹین پولیس سروس سپیشل انکوائری کی جانب سے 3مارچ کوعادل راجہ کومبینہ نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میٹروپولیٹین پولیس سروس سپیشل انکوائری ٹیم (ایس ای ٹی)نے ان کی آن لائن سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹس ٹویٹر اور یو ٹیوب پر کی جانے والی سرگرمیوں سے متعلق انکوائری کا آغازکیا ہے ۔

نوٹس میں کہا گیاہے کہ ابتدائی انویسٹی گیشن میں انکشاف ہوا ہے کہ آپ (عادل راجہ ) کی طرف سے اپنی ویڈیو زمیں کئے گئے کچھ دعووں سے برطانیہ کے حراساں کرنے سے تحفظ کے قانو ن (پروٹیکشن فرام ہراسمینٹ ایکٹ ( 1997 اور ہتک عزت قانون (ڈیفیمیشن ایکٹ 2013)کی خلاف ورزی کی ہے ۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ (عادل راجہ) ڈی سی میٹروپولیٹین پولیس آئلسٹنگٹن پولیس اسٹیشن 2میں صبح دس بجے پیش ہوں ، اس میٹنگ میں یوٹیوب پالیسی اور ٹویٹرسیفٹی کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :عادل راجہ کی صحافی ابصار عالم سے معذرت

نوٹس میں عادل راجہ سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ اس پیشی کی تاریخ کوتبدیل کروانا چاہتے ہیں توپیشی سے 48گھنٹے قبل ای میل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ نوٹس کمانڈر سپیشلسٹ کرائم اینڈ آپریشنز کوسووانوکرسٹینا کی جانب سے جاری کیا گیاہے۔

یاد رہے کہ عادل راجہ سوشل میڈیا پر اپنے وی لاگز اورٹویٹس میں پاک فوج اور سیاستدانوں سے متعلق سخت زبان استعمال کرتےہیں

پاکستان کے سینئر صحافی حامد میر نے اپنی ٹویٹ میں برطانوی پولیس کا نوٹس شیئر کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا تحریک انصاف ان صاحب سے اعلان لاتعلقی کر سکتی ہے؟

عادل راجہ نے اس نوٹس پر ردعمل میں ٹویٹ کیا ہے کہ شتونگڑوں کیجانب سے لندن میٹروپولیٹن پولیس کا نام استعمال کرکے ایک جعلی خط پھیلایا جارہا ہے۔ اوئے پٹواریوں انگریزی تو ٹھیک لکھنی سیکھ لو پہلے جاہلوں۔

بعدازاں صحافی حامد میرنے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کردی اور جعلی لیٹر میں لفظی غلطیوں کی نشاندہی بھی کی اور کہاکہ انہوں نے یہ لیٹر ٹویٹ کیا تھا لیکن جب لندن کے ایک دوست نے انہیں بتایا کہ یہ جعلی لیٹر ہے اس پر پتہ بھی غلط ہے تو انہوں نے اپناپہلا ٹویٹ ڈیلیٹ کرکے دوسرا ٹویٹ کیا اور وہی لیٹر غلطی کی نشاندہی کرکے دوبارہ ٹویٹ کیا حامد میر نے لکھا ہے کہ یہ خبر ٹھیک ہے کہ عادل راجہ کے خلاف انکوائری کاآغازہوچکا ہے .