مریدکے( ای پی آئی)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے ہمیشہ ایسے فیصلے کئے جنکا آئین وقانون واسطہ نہیں ہوتا ۔
متحدہ پریس کلب رجسٹرڈ مریدکے کے چیئرمین سید قاسم علی شاہ سید طاہر علی شاہ صدر حاجی شیخ کبیر اشرف سید سجادالحسن شیرازی سعادت شیخ اور جنرل سیکرٹری عاصم ضیا سے ملاقات میں گفتگو کرتے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم الیکشن کے لئے تیار ہیں ،(ن) لیگ کے خون میں الیکشن رچے ہیں مگر ہم چاہتے ہیں چاروں اسمبلیوں کے الیکشن اکٹھے ہوں کیونکہ معاشی صورتحال ٹھیک نہیں دو چار ماہ آگے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان بھی اب ہماری بات کہہ رہا ہے کہ معاشی حالت ٹھیک نہیں الیکشن اکٹھے ہونا چاہئیں ، اس نے انا کا مسئلہ بناکر اسمبلیاں توڑیں ۔انہوں نے کہا کہ لاڈلہ چار چار گھنٹے باہر کھڑا رہتا ہے عدالت انتظار کرتی ہے ایسا نہیں ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہمیشہ ایسے فیصلے کئے جنکا آئین قانون سے واسطہ نہیں ہوتا ،
سپریم کورٹ کا کام نہیں سیاسی فیصلے کرے ۔سیاسی کاموں میں انکو مداخلت نہیں کرنا چاہئے ۔سپریم کورٹ کو چاہئے آئین قانون سب کے لئے برابر ہو،کسی خاص کے لئے سہولت کاری نہیں کرنی چاہئے۔


