راولپنڈی (ای پی آئی)سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر نیب کی جانب سے جاری انکوائری کیلئے طلبی نوٹسز کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں چیلنج کردیا گیا جبکہ عدالت نے سابق صوبائی وزیر کو ذاتی حیثیت میں انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہو کر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق صوبائی وزیر پنجاب محمد بشارت راجہ کی جانب سے دائر پٹیشن کی سماعت کی پٹیشن میں نیب کی جانب سے انکوائری کیلئے طلبی نوٹسز کو بنیاد بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب کا نوٹس غیر قانونی ہے اسے غیرقانونی قرار دیا جائے ،

پٹیشن میں کہا گیا کہ نیب مجھے بلا جواز ہراساں کررہی ہے اسے روکا جائے جس پر عدالت نے قرار دیا کہ نیب نے اپنی انکوائری کرنی ہے ،نیب کو انکوائری سے نہیں روک سکتے،آپ ذاتی حیثیت میں انکوائری ٹیم کے سامنے پیش یا اپنا جواب داخل کریں ،اگر دوران انکوائری کوئی مسائل درپیش ہوں تو عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔دو رکنی ڈویژن بنچ نے سابق صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ کو نیب انکوائری ٹیم کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔