اسلام آباد(ای پی آئی)پاکستان نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثر ہونے والوں کے لیے امدادی سامان کی بڑی کھیپ بحری جہاز سے روانہ کر دی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے مزید امدادی کھیپ ترکیہ اور شام روانہ کی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کے 65 کنٹینرز سول بحری جہاز پر روانہ کئے گئے، کھیپ میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے موسم سرما کے 8200 خیمے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شام کے متاثرین کے لیے 15 ہزار راشن بیگز اور دیگر ضروری اشیا بھیجی ہیں، امدادی سامان لے جانے والا سول بحری جہاز 15 دن میں منزل پر پہنچے گا۔این ڈی ایم اے کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کی جانب سے زلزلہ زدہ ترک اور شامی بھائیوں کی مدد میں مصروف عمل ہیں۔