اسلام آباد(ای پی آئی)قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 50نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے9مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

جمعرات کو این آئی ایچ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران5ہزار157 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے50 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ، اس طرح اس مدت میں کورونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.97 فیصد رہی۔اس دوران کورونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہواجبکہ 9 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھرکے شہروں میں کئے گئے کوروناٹیسٹ میں سے اسلام آباد میں 381ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 10افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اوروہاں پر شرح 2.62فیصد رہی، اسی طرح لاہور میں 980ٹیسٹوں میں سے17ٹیسٹ مثبت اور شرح 1.73فیصد رہی،گوجرانوالہ میں 92ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک ٹیسٹ مثبت آیا اور وہا ں پر شرح1.09فیصد رہی جبکہ ملتان میں کئے گئے 170ٹیسٹوں میں سے 2 ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پرشرح 1.18فیصد رہی۔