لاہور (ای پی آئی )لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کا حکم معطل کر دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پیمرا کی جانب سے عائد پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقریر نشر کرنے پر پابندی کا پیمرا نوٹی فکیشن تاحکم ثانی معطل کر دیا۔

عدالت نے عمران خان کی درخواست کو مزید سماعت کے لیے فل بینچ کو بھجوا دیا، عدالت نے وفاقی حکومت سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کارروائی 13مارچ تک ملتوی کردی۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے 5 مارچ کو اپنی تقریر میں اداروں کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی جس پر پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔6 مارچ کو عمران خان نے پیمرا کی جانب سے عائد پابندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔