لاہور(ای پی آئی )پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ظل شاہ کی موت جس گاڑی کی ٹکر سے ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی اور آئی جی پنجاب عثمان انور کی ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران ملزم کا بیان چلا دیا گیا۔

ڈرائیور کاکہناتھا کہ میرے والد کا نام حاجی محمد نواز ہے اور میں حاصل پور کا رہائشی ہوں اور پانچ سال سے پرائیویٹ کمپنی میں بطور ڈرائیور ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہوں،میں اپنے دوست کو فورٹریس کے سامنے لینے کیلئے گیا تھا تو وہاں کچھ دیر بیٹھنے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ کھانا کھانے چلتے ہیں،جیسے ہی ہم مال روڈ پر چڑھتے ہیں تووہاںپر ایک شخص کی ہماری گاڑی کیساتھ ٹکر ہوتی ہے اور وہ شخص گر جاتا ہے،

ہم اس شخص کو اٹھا کر گاڑی میں ڈالتے ہیں اوراسے سی ایم ایچ لے کر گئے کیونکہ سی ایم ایچ ہمارے قریب تھا،سی ایم ایچ میں رش زیادہ ہونے کی وجہ سے ہمیں وہاں سے گاڑی نکالنی پڑی اور ہم سیدھا گاڑی سروسز ہسپتال لے آئے۔وہاں ہم زخمی شخص کو سٹریچر پر ہسپتال کے اندر لے کر گئے تو ڈاکٹرز نے بتا یا کہ اس کی موت واقع ہو چکی ہے،اس وجہ سے ہم وہاں سے نکل گئے۔