اسلام آباد(ای پی آئی)پرائیویٹ حج بھی عوام کی دسترس سے باہرہو گیا ہے،وزارت مذہبی امور کی جانب سے پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے 12 حج پیکج مقرر کر دیے گئے ہیں جن میں سب سے مہنگاپیکیج 34 لاکھ روپے سے بھی مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ رواں برس حج کے لیے پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار 210ہے۔حج کوٹہ کا نصف نجی حج سکیم کے لئے مختص کیا گیا ہے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 89ہزار 605 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔ سیکریٹری وزارت مذہبی امور آفتاب احمد درانی کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کا سب سے سستا پیکج گیارہ لاکھ 80 ہزار روپے ہے، پرائیویٹ حج کے لئے سب سے مہنگے پیکج کی حد سوا تین ملین سے زائد مقرر کی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ طے شدہ سہولیات سے زائد کے خواہش مند عازم حج کو رقم بھی زائد ادا کرنی ہوگی۔پرائیویٹ حج کرنے والے بعض عازمین حج آخری دنوں میں سعودی عرب جاتے ہیں، امورحج سے چند روز قبل ہوٹل مہنگے ہوتے ہیں۔فور اور فائیو اسٹار ہوٹل مزید مہنگے ہو جاتے ہیں۔کوئی عازم حج فائیو اسٹار ہوٹل میں اکیلا ٹھہرنا چاہے تو حج آپریٹر کو 34 لاکھ سے زائد رقم ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔
آپریٹرز کے ذریعے پرائیویٹ حج کی مانیٹرنگ کے لئے جامع حکمت عملی طے کرلی ہے۔ڈاکٹر عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج کی نگرانی کریں گے تاکہ وعدہ کی گئی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے،قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور وعدے کے مطابق سہولیات فراہم کرنے والے پرائیویٹ کو سزائیں دی جائیں گی۔ سزاوں کے تعین کا وزارت مذہبی امور نے باقاعدہ طریقہ کار طے کر رکھاہے۔


