اسلام آباد(ای پی آئی) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن و دیگر کے خلاف اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر ,ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا ہے.

جسٹس بابر ستار نے شہری شیرزادہ کی درخواست پر احکامات جاری کرتے ہوئے ابزرویشن دی ہے کہ پولیس نے اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کیوں نہیں کیا ؟ مقدمہ کے فریقین جواب دیں

عدالت نے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امتیاز جنجوعہ اور پولیس اہلکاروں کو نوٹس جاری کئے ہیں .کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی ہے .

درخواست گزار شہری کی جانب سے وکیل عثمان وڑائچ اور بابر حیات سمور ایڈووکیٹ پیش ہوئے

شہری شیرزادہ کی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ انہیں ڈپٹی کمشنر کے آفس میں بلا کر چار گھنٹے حبس بے جا میں رکھا گیا ،موبائل چھین لیا گیااور میری چیک بک گھر سے منگوائی گئی ، درخواست کے مطابق حبس بے جا میں زبردستی غیر قانونی طور پر 5 کروڑ کا چیک لیا گیا ،جعلی ڈیڈ بنوا کر زبردستی دستخط کرائے گئے جس پر 2 پولیس اہلکار گواہ بھی بنائے گئے ،

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ بائیس اے کے آرڈر میں عدالت نے لکھا ہے کہ پولیس کا کنڈکٹ درست نہیں ، جسٹس آف پیس نے پولیس کی رپورٹ کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیا ہے ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ
ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے . استدعا میں کہا گیا ہے کہ عدالت اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے ،