راولپنڈی (ای پی آئی ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے کے شرپسندوں کی شناخت ہو گئی ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شناخت کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی۔
پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث شرپسندوں کی شناخت اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، شناخت شدہ شرپسندوں میں عاصم خورشید، عابد ملک،شہباز ناصر ، ابو بکر احمد، انصر جاویدزاہد علی شاہ گیلانی، زاہد علی خان ، پیرزادہ شہباز ناصر، حماد خان، عثمان قریشی، شبانہ فیاض، افشاں کامران اور فاطمہ احسان شامل ہیں۔ اس سے قبل لاہور کورکمانڈر ہاؤس پر حملے میں شریک شرپسندوں کی بھی شناخت کر لی گئی اور ان کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے شرپسندوں کی تلاش میں مدد کرنیوالوں کیلئے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ شناخت بتانے والے شہریوں کے نام صیغہ راز میں رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔


