راولپنڈی (ای پی آئی ) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو راولپنڈی سے گرفتار کرلیا گیا۔
فیاض الحسن چوہان کو راولپنڈی کے علاقے لیاقت باغ گیٹ سے گرفتار کیا گیا ، فیاض الحسن چوہان پریس کانفرنس کے لیے پریس کلب جارہے تھے ۔ دوسری جانب پولیس نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی رہائشگاہ ’’لال حویلی‘‘ پر بھی چھاپہ مارا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پولیس مجھے اور میرے بھتیجے شیخ راشد کو گرفتار کرنے کی کوشش کر ہی ہے اور یہ چھاپہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، سب جانتے ہیں کہ پرتشدد مظاہروں سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
اسی طرح سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعوی کیا ہے کہ محمود مولوی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے ٹویٹ میں دعوی کیا ہے کہ لا انفورسمنٹ ایجنسی نے محمود مولوی کو گرفتار کر لیا ہے۔انھوں نے لکھا کہ صبح 4 بجے ایل ای اے اہل کاروں نے ایم این اے محمود مولوی کے گھر چھاپا مارا، اور اہلکار محمود مولوی کو بغیر کسی وارنٹ گرفتاری کے ساتھ لے گئے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارے ایم این اے جے پرکاش کو بھی اسی طرح گرفتار کیا گیا ہے۔


