لاہور( ای پی آئی) لاہور ہائیکورٹ میں سینئر صحافی اور معروف یو ٹیوبر عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ۔

لاہور ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض کی بازیابی کیلئے آئی جی پنجاب کوکل ( ہفتہ )تک مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 10بجے رپورٹ پیش کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے عمران ریاض کے والد کی جانب سے بیٹے کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی ۔

آئی جی پنجاب نے بازیابی سے متعلق رپورٹ عدالت پیش کی اور بتایا کہ کمیٹی میں حساس اداروں کے افراد کو شامل کیا ہے،کمیٹی کا اجلاس کیا،50سے زائد سی سی ٹی وی کی مدد لی جبکہ وزارت داخلہ اور وزارت دفاع سے رابطہ کیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ جیو فینسنگ سمیت دیگر جدید طریقے سے کاوشیں کررہے ہیں، مجھے عمران ریاض کی بازیابی کے لیے مزید مہلت درکار ہے۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اس کا مطلب ہے آپ بے یارو مددگار ہیں، چار پانچ دن ہوچکے ہیں کوئی ڈویلپمنٹ نظر نہیں آئی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ جو بندہ خود چھپا ہو اس کو ڈھونڈنا مشکل ہوتا ہے، دوسرے صوبوں میں جانے، تفتیش کیلئے متعلقہ اتھارٹی سے اجازت لینی ہے، اس کے لیے متعلقہ اتھارٹی کو خطوط لکھ دئیے ہیں۔عدالت نے عمران ریاض کی بازیابی کیلئے آئی جی پنجاب کو آج ہفتہ تک مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ 10بجے عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔