لاہور(ای پی آئی ) 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری پر شرپسندوں کی جانب سے ملک بھر میں آرمی تنصیبات ،سرکاری املاک پر حملوں اور توڑ پھوڑ کے حوالے سے ہوشرباء انکشافات سامنے آگئے ہیں ۔
جدیدٹیکنالوجی کے ذریعے پتہ چلا ہے کہ ان حملوں کا منصوبہ 8 مئی کو ہی تیار کر لیا گیا تھا جبکہ ان حملون کا منصوبہ بنانے میں ملوث پی ٹی آئی کی 6 اہم شخصیات کا مکمل ریکارڈ سامنے آگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکنیکل تجزیئے اور جیوفینسنگ سے پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت سے رابطوں سے متعلق ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
جن شخصیات کاریکارڈسامنے آیا ہے ان میں ڈاکٹر یاسمین راشد، محمد حماد اظہر ، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، سینیٹر اعجاز احمد چوہدری اور ڈاکٹر مرادراس شامل ہیں۔8مئی زمان پارک اور 9مئی جناح ہائوس بلوائیوں میں 154موبائل نمبر مشترک پائے گئے۔
215بلوائی پی ٹی آئی رہنمائوں کے ساتھ موبائل فون نمبرز پر رابطے میں تھے۔ عمران خان کی گرفتاری سے قبل ہی حساس تنصیبات پر حملوں کا منصوبہ 8مئی کو زمان پارک میں تیار کیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق، ٹیکنیکل تجزیے اور جیوفینسنگ سے پی ٹی آئی اعلیٰ قیادت کے رابطوں سے متعلق ہوشرباانکشافات سامنے آئے ہیں۔
پی ٹی آئی قیادت کی چھ اہم شخصیات کا ریکارڈ ملاہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا شرپسندوں سے41باربذریعہ کال رابطہ ہوا، حماد اظہر کے موبائل نمبر سے شرپسندوں کو 10کالز کی گئیں، میاں محمود الرشید کا شرپسندوں سے 75بار رابطہ ہوا، میاں اسلم اقبال کی جانب سے شرپسندوں 16کالز کی گئیں، سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کو موصول ہونے والی اوران کی جانب سے کی جانے والی 50کالز ریکارڈ پر آئی ہیں اور ڈاکٹر مرادراس نے شرپسندوں کو 23کالز کیں۔ عمران خان کی گرفتاری سے قبل ہی گرفتاری کے خدشات پر ردعمل تیار کر لیا گیا تھا۔


