اسلام آباد(ای پی آئی )پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی خاتون راہنماء اور سابق پارلیمانی سیکرٹری نادیہ شیر نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے.

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے نادیہ شیر نے کہا کہ وہ نو مئی کو ہوئے والے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہیں اور اس میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہچانے کا مطالبہ کرتی ہوں،میرا ضمیر کسی صورت گوارہ نہیں کرتا کہ میں اس شرپسند جتھے کا مذید حصہ بنی رہوں،لہذاٰ آج اس پریس کانفرنس کے ذریعےبغیر کسی دباؤ یالالچ اور دلی اطمینان کےپی ٹی آئی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتی ہوں.

اس بات کا اعلان کر رہی ہوں،میرا اس پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے،میرا پی ٹی آئی کے فالورزکیلئے پیغام ہے کہ جنہوں نے 9 اور 10 مئی کے واقعات اور خونریزی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور زخمی اور گرفتار ہوئے، کیا انہیں عمران خان نے پوچھا ہے بلکہ الٹا عمران خان نے ان ے اظہار لاتعلقی کر دیا ہے،وہ کبھی بھی آپکو نہیں پوچھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی عوام سے بات کرنا چاہتی ہوں، ایک مسلمان ہونے کی وجہ سے برائی کو سپورٹ نہیں کر سکتی، سیاسی جماعت میں مسائل ہوتے ہیں لیکن ان کی حد ہوتی ہے، پی ٹی آئی میں عمران خان کے سوا کسی کو نہیں سنا جاتا، جہانگیر ترین، عون چوہدری اور فیصل واوڈا اس کی مثال ہیں، پارٹی رہنماؤں میں کوئی رائے دینا چاہے تو اُسے سائیڈ لائن کر دیا جاتا ہے۔