لاہور ( ای پی آئی ) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے دائر عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے کی استدعا احتساب عدالت نے منظور کرتے ہوئے نمٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور رہنما پی ٹی آئی عثمان بزدار کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں دائر عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ عثمان بزدار کہاں ہیں، پیش نہیں ہوئے۔
جس پر وکیل نے کہا کہ ہم نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے کی درخواست کی ہے۔فاضل جج نے قرار دیا کہ عثمان بزدار کو پیش کریں پھر درخواست واپس لے لیں۔
عثمان بزدار کے وکیل بیرسٹر مومن ملک نے موقف اختیار کیا کہ ابھی نیب کو عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب نہیں، اگر ضرورت پڑی تو کچھ عرصہ بعد دوبارہ عبوری ضمانت دائر کریں گے، عثمان بزدار طبیعت خراب ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب ہے۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی انکوائری جاری ہے، تفتیش کے لیے طلب کریں گے، وارنٹ گرفتاری 6 ماہ بعد جاری ہوں گے۔بعدازاں عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔


