اسلام آباد، ملتان (ای پی آئی ) پی ٹی آئی کے سینیٹر سمیت 2 ارکان اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا.

9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر عبدالغفار نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرحیدرعلی اور ملتان سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی جاوید اختر انصاری نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی سینیٹر عبدالغفار کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات افسوسناک ہیں جس کا کسی بھی صورت میں دفاع نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں ان پرتشدد واقعات کی پرزور مذمت کرتا ہوں اور پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں تاہم آزاد حیثیت میں سینیٹ کا رکن رہوں گا۔ اسی طرح پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی نے سندھ ہائوس اسلام آباد میں پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔

ڈاکٹر حیدر علی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا بھی اعلان کیا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ملتان سے رکن پنجاب اسمبلی جاوید اختر انصاری نے بھی عمران خان سے راہیں جدا کرلیں۔

انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دو بار رکن اسمبلی رہا ہوں، پی ٹی آئی چھوڑنے اور پارٹی ٹکٹ واپس کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔پاکستان تحریک انصاف کی 9 مئی کی پرتشدد پالیسی کیخلاف پارٹی چھوڑنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق رکن قومی اسمبلی غلام رسول کوریجہ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔