اسلام آباد(ای پی آئی ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کو گرفتاری کے بعد ملک بھر میں جلاؤ گھیرائو اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی گرفتاریوں کے بعد کئی رہنماؤں نے ملک سے باہر جانے کی کوشش کی جس پر وفاقی حکومت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی بشریٰ بیگم سمیت پی ٹی آئی کے درجنوں رہنماؤں کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کر لئے گئے تھے جبکہ نوفلائی لسٹ میں شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 146رہنمائوں کے نام نوفلائی لسٹ میں شامل کر دیئے۔پی این آئی ایل میں ڈالے گئے پی ٹی آئی رہنمائوں کی تعداد 226ہوگئی۔ذرائع کے مطابق تمام افراد کی لسٹیں ایئرپورٹس پرامیگریشن حکام کو فراہم کردی گئیں، پولیس، نیب اورمحکمہ اینٹی کرپشن کے مراسلوں پر نام لسٹ میں ڈالے گئے ہیں۔

نوفلائی لسٹ میں شامل افراد کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہو گی، مذکورہ افراد کو ایک دفعہ بیرون ملک جانے کیلئے بھی وزارت داخلہ کی اجازت لینا ہوگی۔یاد رہے کہ چیئرمین تحریک اںصاف سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کے نام گزشتہ روز نوفلائی لسٹ شامل کیے گئے تھے، نام پولیس کی سفارش پر 9 مئی کے جلا ئوگھیرا ئو کے واقعات میں ملوث ہونے کے تناظر میں ڈالے گئے ہیں۔