کراچی (ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کا سلسلہ جاری مزید 2 بڑے نام ،سینئر رہنماؤں نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغامات کے ذریعےپارٹی چھوڑنے کا اعلانات کر دیئے ۔

تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے بعد سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا طویل عرصہ سے ساتھ نبھانے والوں کا پارٹی سے علیحدگی کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی اور سابق وفاقی وزیر خسرو بختیار نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے ۔

پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ کافی سوچ بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی خدمت کی ہے اور پاکستان کے لیے ہی سیاست میں آیا تھا، 9 مئی کے واقعات کی پہلے بھی مذمت کرچکا ہوں اور دوبارہ بھی مذمت کرتا ہوں، افواج پاکستان ہمارا فخر ہے، ان کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، جو ہوا وہ غلط ہوا، اس میں جو بھی ملوث ہو اسے کیفرکردار تک پہنچانا ضرروی ہے۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر خسرو بختیار نے اپنے ویڈیو پیغام میں خسرو بختیار نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک سال قبل پارٹی کی اعلیٰ اورصف اول کی قیادت سے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا قومی اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کا نیا سیاسی لائحہ عمل پارٹی کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اسی پالیسی کی وجہ سے میں نے پی ٹی آئی کی سیاست سے دوری اختیار کرلی ہے، میں نے کورکمیٹی کی رکنیت اورجنوبی پنجاب کی صدارت سے بھی دوری اختیار کرلی ہے۔خسرو بختیار نے کہا کہ 9 مئی کے دل سوز واقعات نے مجھے مجبور کیا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی فلسفے سے دور ہوجائوں، میرا 25 سال کا تجربہ،مقامی، صوبائی اور قومی منصوبوں کے فرائض ادا کرنے پر محیط ہے، تحریک انصاف کے سیاسی فلسفے کے ساتھ اب نہیں چل سکتا۔