لاہور(ای پی آئی ) لاہورپولیس کی جانب سےانسداد دہشت گردی عدالت سے زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے گھر کے سرچ وارنٹ حاصل کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی نے سرچ وارنٹ منسوخ کرانے کے لئے عدالت میں درخواست دائر کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر درخواست میں کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایاگیا ۔
سابق وزیراعظم نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ دہشت گردی عدالت سے 18 مئی کو پولیس نے سرچ وارنٹ حاصل کئے، پولیس سمیت دیگر نے سرچ وارنٹ بدنیتی کی بنیاد پر حاصل کئے، جس مقدمے میں سرچ وارنٹ حاصل کئے گئے اس مقدمے میں درخواست گزار کا کوئی کردار نہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ سرچ وارنٹ کے بعد درخواست گزار نے میڈیا کی موجودگی میں فریقین کو سرچ وارنٹ کی اجازت دی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت 18 مئی کو جاری سرچ وارنٹ کالعدم اور غیر قانونی قرار دے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔


