لاہور (ای پی آئی ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب ،رہنما پی ٹی آئی پرویز الٰہی کی ضمانت مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ اینٹی کرپشن عدالت نے جاری کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے فیصلے میں کہاہے کہ عبوری ضمانت میں قانون واضح ہے۔ قانون تمام شہریوں کے لیے برابر ہے، عدالت پرویز الہی کی ضمانت عدم حاضری کی بنیاد پر مسترد کرتی ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی تک پرویز الٰہی نے تفتیش جوائن نہیں کی، گزشتہ سماعت پر پرویزالٰہی نے میڈیکل گراؤنڈ پر ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دی تھی تاہم میڈیکل رپورٹس کی بھی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، پرویزالٰہی پر ترقیاتی منصوبوں کے کاموں میں کرپشن سمیت دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب پولیس نے محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم کے ساتھ تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر کی تلاشی لی تاہم پرویز الٰہی گھر پر موجود نہ تھے۔


