اسلام آباد(ای پی آئی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم تکبر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ28مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے۔

ایٹمی صلاحیت نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔پوری قوم کو ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے لیے قومی غیرت، قوم کی بے مثال جرات و بہادری کی علامت کا دن ہے۔پاکستان ایٹمی طاقت ہونے کے باعث مسلم امہ میں منفرد حیثیت رکھتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قومی یکجہتی،ایٹمی سائنسدانوں اور پاک افواج کی قابل ستائش خدمات کی بدولت پاکستان کو ایک ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے لیے قومی قیادت کے غیر متزلزل عزم کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔