اسلام آباد (ای پی آئی) ایف آئی اے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے بھاری رقوم لیکر جعلی نرسنگ ڈپلومہ ،سرٹیفکیٹس اور ڈگریاں بنانے والے گروہ کو گرفتار کر لیا .
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد زون نے جعلی اور غیر رجسٹرڈ نرسنگ اور ٹیکنکل ڈگریوں کے اجراء میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسلام آباد کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر EGOA یونٹ اسلام آباد رانا شاہد حبیب کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف کارروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے سکلز ڈیویلپمنٹ اور نرسنگ امتحانات کے لئے متعدد جعلی ادارے بنا رکھے تھے،گرفتار ملزمان میں مبشر اور محمد زمان شامل ہیں۔ملزمان نے عام شہریوں سے بھاری رقوم کے عوض جعلی نرسنگ ڈپلومہ، ٹیکنیکل سرٹیفیکٹ، ڈگریاں اور نرسنگ کارڈز جاری کئے۔
ملزمان نے کھنہ پل اسلام آباد میں یونیک انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اورنیشنل انسٹیٹوٹ آف ماڈر لینگوجز نے نام سے جعلی تعلیمی ادارے بنا رکھے تھے۔ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف کارروائی پاکستان نرسنگ کونسل کی شکایت پر کی گئی،ملزمان تعلیمی اداروں کی آڑ میں جعلی نرسنگ ڈپلومے، سرٹیفیکٹ اور ڈگریاں جاری کرنے میں ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ کالجز جعلی بورڈ کے نام پر امتحانات کا انعقاد بھی کرواتے ہوئے بھاری رقوم وصول کرتے تھے،ملزمان جعلی اداروں کے نام سے مختلف اخبارات میں داخلے کے اشتہارات دیتے تھے۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ جعلی اداروں میں نرسنگ کے شعبے سے متعلق کسی قسم کی فیکلٹی موجود نہ تھی،مذکورہ جعلی ادارے کلینکل پریکٹس کے لئے کسی ہسپتال سے الحاق شدہ نہیں تھے۔ترجمان کے مطابق زیر رجسٹرڈ طلبہ کو فیس کے عوض جعلی کلینکل پریکٹس سرٹیفیکٹ جاری کئے جا رہے تھے۔ترجمان کے مطابق دوران تلاشی دفتر سے بھاری مقدار میں جعلی ٹیکنیکل ڈگریاں، نرسنگ سرٹیفیکیٹ، کارڈز، ڈپلومے اور سرٹیفیکیٹ بنانے والے آلات برآمد کر لئے گئے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے کلر پرنٹر اور مٹل ڈائیں، مونوگرام امبوز مشینیں بھی بر آمد کر لی گئی۔ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے سرکاری اداروں کی جعلی مہریں بر آمد کر لی گئیں۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیاجبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسلام آباد زون کی جانب سے بہترین کارکردگی پر ٹیم کی کاوشوں کو سراہا گیا جعلی اور غیر قانونی نرسنگ کالجز/ اداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


