کوئٹہ(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وسیم اکرم پلس،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں کپتان عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کے اعلان کے ساتھ سیاست سے بھی دست برداری کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور رہنما پی ٹی آئی عثمان بزدار نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا درست نہیں ہوا، میں تحریک انصاف سے کنارہ کشی اختیار کررہا ہوں اور آئندہ کے لیے سیاست سے بھی دست برداری کا اعلان کرتا ہوں۔
عثمان بزدار نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ایک سوال پر عثمان بزدار نے کہا کہ جو بے گناہ لوگ گرفتار کیے گیے ہیں میری اعلیٰ حکام سے درخواست ہے کہ انہیں رہا کیا جائے۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے تین سال پنجاب کے عوام کی خدمت کی، میرا ضمیر مطمئن ہے، 14 ماہ سے میں اپنے مقدمات کا سامنا کررہا ہوں۔