لاہور (ای پی آئی ) اینٹی کرپشن عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئےتحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کوگجرات میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کیس میں بری کر دیا ۔
عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد اینٹی کرپشن پولیس نے گوجرانوالہ میں درج مقدمہ میں دوبارہ گرفتار کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو گذشتہ روز گرفتار ی کے بعد اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کرتے ہوئے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی بعد ازاں سماعت میں دونوں جانب سے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ کر لیا تھا.
محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ نے چوہدری پرویز الہی کو درج کرپشن کے مقدمے بری الذمہ قرار دیتے ہوئے کسی بھی دوسرے مقدمہ میں مطلوب نہ ہونے پر رہا کرنے کا حکم دیا ،تاہم عدالت کے فیصلے کے بعد اینٹی کرپشن گوجرانوالہ پولیس نے ایک اور مقدمے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو دوبارہ گرفتار کر لیا ۔
عدالت کی جانب سے دیئے گئے فیصلے پر ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔


