لاہور (ای پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا رہنے کا اعلان کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق جعلی بھرتیوں کے کیس میںرہنما پی ٹی آئی کو اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کر دیا گیا ،اس دوران انھوں نے حکومت کوللکارتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف چاہے 100 کیس بھی بنا لیں، تحریک انصاف کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو میرا پیغام ہے ، دلیری کے ساتھ مقابلہ کریں۔

حق اور سچ کی لڑائی میں ڈٹ کر کھڑے رہیں۔ جتنے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں سب ناکام ہو جائیں گے۔اینٹی کرپشن حکام کا دعویٰ ہے کہ انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئیں ،بھرتیوں میں کرپشن کے واضح ثبوت موجود ہیں ۔

واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کو مبینہ جعلی بھرتیوں کے کیس میں گذشتہ روز تیسری مرتبہ حراست میں لیا گیا، اس سے قبل عدالت انہیں مبینہ کرپشن کے دو کیسز میں بری کر چکی ہے۔