نیویارک(ای پی آئی)عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز نے اپنی آنے والی نئی فلم مشن امپوسیبل 7 ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون کی شوٹنگ کے خوفناک مناظر پر مشتمل ویڈیو شیئر کردی۔

ٹام کروز کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں ان کی فلم کے دل دہلا دینے والے مناظر دکھائے گئے ہیں جس کے تمام ایکشن اسٹنٹس ٹام کروز نے خود کیے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ فلم میں ویلن کے ساتھ برق رفتار ٹرین کی چھت پر لڑائی کر رہے ہیں جبکہ راستے میں آنے والے ٹرین کے ایک پل کو بم سے اڑا دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ٹرین کھائی میں گر کر تباہ ہوجاتی ہے۔

ٹام کروز تباہ ہونے والی ٹرین کی بوگی سے نکل کر ٹرین کے دوسرے حصے پر لٹک جاتے ہیں اور کھائی میں گرنے سے بال بال بچ جاتے ہیں۔سنسنی سے بھرپور اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ٹام کروز نے کیپشن میں لکھا کہ ٹرین کی یہ ترتیب مشکل تھی، لیکن نتائج نے یہ سب کچھ بہترین اور قابل بنا دیا، مجھے بیصبری سے انتظار ہیکہ مداح جلد یہ دیکھیں۔

ٹرین ایکشن پر مبنی یہ سین ناروے میں فلمایا گیا جبکہ اسی سین کے دوران ریل گاڑی کے کھائی میں گر کر تباہ ہونے والے حادثے کو برطانیہ میں فلمایا گیا۔

ہدایتکار اور شریک مصنف کرسٹوفر میک کی اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ٹام کروز کی لڑائی کسی ولن انسان سے نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت سے ہوگی۔ یہ جذبات رکھنے والی مصنوعی ذہانت ہے جسے دی اینٹیٹی کا نام دیا گیا ہے۔

دنیا کو فتح کرنے کی خواہش رکھنے والا الیکٹرانک سپر دماغ (دی اینٹیٹی) ولن چاہتا ہے کہ دنیا میں موجود تمام تر معلومات پر اس کا غلبہ ہو اور یہ اس کی دسترس میں ہو۔

یاد رہے کہ فلم مشن امپوسیبل 7: ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون 12 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس کا دنیا بھر میں موجود ٹام کروز کے مداحوں کو بیصبری سے انتظار ہے۔