لاہور (ای پی آئی ) سویڈن میں پیش آنے والے قرآن مجید کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کی عمارت کے بارہ وکلا نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جس میں ملوث ملعون شخص کو قرار واقعی سزا دینے کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

لاہور میں مخلتف دینی جماعتوں نے ریلیاں نکالیں جن میں شریک مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قرآن پاک کی حرمت کے حق میں نعرے درج تھے۔

کراچی میں بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کے طلبا و طالبات نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سخت احتجاج کیا۔کوئٹہ، پشاور، ملتان، بہاولنگر، مظفر گڑھ، سکھر، چاغی اور نوشکی میں بھی مختلف مکاتب فکر کی جانب سے مظاہروں میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کے اقدامات عالمی سطح پراٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔