دیامر (ای پی آئی) پاکستان کے صوبہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میںشاہراہ قراقرم پر سیاحوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 12 سیاح زخمی ہوگئے وزیر اعظم شہباز شریف کی حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار،گلگت بلتستان کے حکام کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت ۔
تفصیلات کے مطابق دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) محمد ایاز نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،
مقامی لوگوں نے ریسکیو میں مدد کی، ہائی روف گاڑی لاہور سے گلگت آرہی تھی جس میں 18 سیاح سوار تھے۔وزیراعظم شہبازشریف نے دیامر، شاہراہ قراقرم پر تھلچی کے مقام پر سیاحوں کی بس کو حادثے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے حکام کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے ۔
وزیر اعظم نے متعلقہ وفاقی محکموں کو امدادی کاموں میں معاونت کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے انکوائری کرانے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لئے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا ء کی ۔وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا ء کی ۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے سکردو میں کوسٹرکو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر گہریدکھ و افسوس کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالی کوسٹر حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔


